کویت اردو نیوز ، 19 اکتوبر 2023: دبئی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے کیے گئے ایک اہم فیصلے کے تحت رہائشی اب پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے کا کرایہ ‘فیس ریڈنگ’ کے ذریعے ادا کر سکیں گے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس نئے طریقہ کار کے بعد اب پلاسٹک کارڈ، ٹکٹ، کریڈٹ کارڈز اور ‘نول’ کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اتھارٹی جیٹ ایکس 2023 میں فیس ریڈنگ کے ذریعے کرایہ کی ادائیگی کا پروگرام متعارف کروا رہی ہے، دبئی ورلڈ کمرشل سنٹر میں Jetx 2023 میں جاری ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر صلاح المرزوقی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے والوں کے لیے کرایہ ادا کرنے کا ایک نیا اور آسان طریقہ متعارف کروا رہے ہیں۔
صلاح المرزوقی نے کہا کہ دبئی کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں ہر شخص کے پاس ایک کارڈ ہوگا۔ سمارٹ گیٹ سے گزرتے وقت کرایہ کی رقم متعلقہ شخص کے اکاؤنٹ سے فیس ریڈنگ کےذریعے وصول کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ‘نول کارڈ استعمال کرنے والوں کو صرف ایک بار فیس ریڈنگ کروانا ہوگی ، دبئی میٹرو، دبئی ٹرام، پبلک بس، ٹیکسی اور سمندری ٹرانسپورٹ میں سے کسی بھی سفر کے دوران فیس ریڈنگ ہوگی ،خودکار نظام مسافر کے اکاؤنٹ سے کرایہ وصول کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کرایہ ادا کرنے کے دیگر طریقے ختم نہیں کیے جائیں گے بلکہ ان کی جگہ فیس ریڈنگ سسٹم مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
صارفین کے پاس ابتدائی طور پر کارڈ کے ذریعے یا فیس ریڈنگ کے ذریعے ادائیگی کرنے کا اختیار ہوگا۔
واضح رہے کہ دبئی میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے اب کرایہ ادا کرنے کے لیے نول کارڈ استعمال کررہے ہیں جب کہ موبائل کے ذریعے ڈیجیٹل سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ جس کے ذریعے کرایہ ادا کیا جا رہا ہے۔