کویت اردو نیوز،11ستمبر: بینک الحبیب فیصل آباد میں 5 ارب روپے سے زائد رقم کا فراڈ پکڑا گیا جس میں بینک منیجر اور اسکا معاون عملہ امریکا فرار ہوگیا۔
بینک منیجر راجہ عمار کیانی بینک الحبیب کے ساتھ ساتھ اپنا ذاتی متبادل بینک چلاتا رہا۔ اکاﺅنٹ ہولڈرز کو کروڑوں روپے منافع کا لالچ دیکر لوگوں کو پھنسایا گیا۔
واقعہ کے بعد سینکڑوں افراد نے کارروائی کے لیے درخواستیں دے دیں جس پر ایف آئی اے فیصل آباد نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔
رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے 500 سے زائد اکاﺅنٹ ہولڈرز کے ساتھ فراڈ ہوا جبکہ اس میں بنک کی 8 سے 10 برانچز متاثر ہوئی ہیں۔
راجہ عمار کیانی ایریا منیجر بینک الحبیب اور دیگر آپریشنز اسٹاف بیوی بچوں سمیت امریکا اور یورپ فرار ہوگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اکاونٹ ہولڈرز کو خصوصی شرح پر زیادہ منافع دینے کے جعلی خطوط جاری کئے گئے اور 3 سے 4 ماہ تک انہیں منافع بھی دیا گیا جس پر مزید شہریوں نے لالچ میں آکر نئے اکاونٹ کھول لئے اسی عرصے کے دوران بنک مینجر کیانی اور اسکے ساتھیوں نے اہل وعیال کے ہمراہ واشنگٹن کے ویزوں ٹکٹوں کا اہتمام کیا اور غائب ہوگئے جبکہ اکاونٹ ہولڈرز انہیں پریشانی کے عالم میں ڈھونڈتے رہ گئے۔