کویت اردو نیوز،25ستمبر: بھارت میں ایک صارف کو آئی فون15 کی ڈیلیوری میں تاخیر پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔ صارف نے اسٹور پر موجود ملازم سے تکرار کے بعد اسکی درگت بنا دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
نیو دہلی کے علاقے کملا نگر کے ایک موبائل اسٹور میں صارفین اور ملازمین کے درمیان بات اس وقت خراب ہوئی جب صارف کو آئی فون 15 پرو ماڈل کی ڈیلیوری میں تاخیر کی گئی۔
اس واقعے کی ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹور ملازمین اور موجود کسٹمرز ایک دوسرے کیساتھ مارپیٹ کرنے کے ساتھ گالی گلوچ بھی کررہے ہیں۔
بحث مباحثہ اس وقت شروع ہوا جب ایک کسٹمر نے آئی فون 15 پرو کا پوچھا تو اس وقت گاہک کو نہیں بتایا گیا کہ مطلوبہ فون کا اسٹاک موجود نہیں تھا، جس کے بعد بات بڑھتے بڑھتے ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔
جھگڑے کے دوران کچھ کسٹمرز نے ملازمین کو گھونسے مارے اور ایک ملازم کی شرٹ بھی پھاڑ دی گئی۔
دہلی پولیس نے مذکورہ واقعے میں ملوث کسٹمرز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ایپل کی جانب سے پہلی بار ’میڈ ان انڈیا آئی فون‘ متعارف کرایا گیا ہے اور یہ اسی دن لانچ کیا گیا ہے جس دن دنیا بھر میں ایپل نے اپنا نیا فون ماڈل سیل کیلئے پیش کیا۔