کویت اردو نیوز،26 اکتوبر 2023: غزہ میں الجزیرہ ٹی وی کےبیوروچیف وائل الدحدوح کےگھرپراسرائیلی بمباری میں اہلیہ اور انکے کمسن بچے شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی بمباری میں الجزیرہ عربی غزہ بیورو کے سربراہ وائل الدحدوح کے گھر کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ان کی اہلیہ، بیٹا اور بیٹی شہید ہوگئے۔ وائل الدحدوح کا بیٹا محمود ہائی اسکول کے آخری سال میں تھا جبکہ اس کی بیٹی سات سال کی تھی۔
خاندان کے کچھ افراد اسرائیلی حملے سے بال بال بچ گئے کیونکہ وہ جنوبی غزہ کے ناصرات پناہ گزین کیمپ میں رہ رہے تھے۔
واضح رہے کہ وائل الدحدوح کے گھر پر حملہ ان رپورٹس کے فوراً بعد ہوا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے قطر کے سرکاری ٹی وی الجزیرہ کی اسرائیل اور حماس جنگ کی کوریج کو قطری وزیراعظم سے ملاقات میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نرم کرنے کا مطالبہ کیا۔
وائل الدحدوح واقعے کے وقت اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے تھے اور دن بھر اسرائیلی فضائی حملوں کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹنگ کرتے رہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کا خیال ہے کہ قطری نیٹ ورک کی جنگ کی کوریج خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے اور اسرائیل مخالف اشتعال سے بھرپور ہے۔