کویت اردو نیوز ، 3 اکتوبر 2023 : سیارہ مشتری کے سائز کے دو "سیارے” خلا میں آزادانہ طور پر تیرتے ہوئے پائے گئے ہیں جو کسی ستارے یعنی نظام شمسی سے جڑے ہوئے نہیں ہیں۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حیرت انگیز دریافت جیمز ویب اسپیس ٹیلی سکوپ نے کی ہے جو دنیا کی سب سے طاقتور دوربین ہے۔ دریافت کے بارے میں دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سیارے جوڑوں میں حرکت کرتے نظر آتے ہیں۔ ماہرین فلکیات فی الحال ان کی وضاحت کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
جیمز ویب ٹیلی سکوپ نے مشہور اورین نیبولا کے ایک نئے تفصیلی سروے میں ان سیاروں کا مشاہدہ کیا، جہاں سیاروں کے تقریباً 40 ملتے جلتے جوڑے ہیں۔
سائنسدانوں نے ان سیاروں کو مختصر طور پر "JUMBOs” کا نام دیا ہے۔ تاہم ناسا کے ماہرین فلکیات نے دو امکانات کا ذکر کیا ہے کہ وہ کس طرح بغیر کسی نظام شمسی کے خلا میں گھوم رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک امکان یہ ہے کہ یہ سیارے نیبولا کے ان علاقوں سے نکلے تھے جہاں مواد کی کثافت مکمل طور پر ستاروں کی تشکیل کے لیے ناکافی تھی۔
ایک اور امکان یہ ہے کہ وہ ستاروں کے گرد بنتے ہیں اور پھر مختلف تعاملات کے ذریعے خلا میں نکل جاتے ہیں۔
ناسا کے پروفیسر مارک میک کیوگرین نے کہا کہ مذکورہ بالا دو امکانات میں سے فی الحال پہلا مفروضہ اپنایا گیا ہے۔