کویت اردو نیوز ،14 اکتوبر 2023: غزہ پر اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 2215 ہو گئی ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق غزہ کے رہائشی علاقوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک 8 ہزار 714 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ شہداء اور زخمیوں میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کے خلاف الاقصیٰ طوفان آپریشن میں تیرہ سو سے زائد اسرائیلی ہلاک اور سینکڑوں یرغمال بنائے گئے ہیں۔
دوسری جانب یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ روزانہ دس لاکھ شہریوں کا بے گھر ہونا ایک انسانی بحران ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ پر شدید بمباری صرف شروعات ہے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ وہ سعودی قیادت سے غزہ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ سعودی عرب نے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کارروائی قرار دیا ہے۔