کویت اردو نیوز ، 31 اکتوبر 2023: اتر پردیش (بھارت ) کے کوشامبی ضلع میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنی نابالغ بیٹی کو اس لیے مار ڈالا کیونکہ وہ ایک لڑکے کے ساتھ تعلقات میں تھی۔
رپورٹس کے مطابق، شیو پتی خاتون نے اپنی 15 سالہ بیٹی کو کلہاڑی کے وار سے قتل کرنے اور اس کی لاش کو کنویں میں پھینکنے کے بعد خاندان کے دیگر افراد کی مدد سے یہاں کے مانجھن پور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور کہا کہ اس کی بیٹی اغوا ہوگئی ہے ۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) برجیش کمار سریواستو نے بتایا کہ شیو پتی نے 14 اکتوبر کو پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی بیٹی، جو 2 اکتوبر کو کسی کام کے لیے کھیتوں میں گئی تھی، تب سے گھر واپس نہیں آئی۔
ایس پی نے مزید کہا کہ اس کی شکایت کی بنیاد پر نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
26 اکتوبر کو مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ انہوں نے تیجوا پور گاؤں کے باہر ایک کھیت میں کنویں میں لڑکی کی لاش دیکھی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ شیو پتی نے لاش کی شناخت اپنی بیٹی کے طور پر کی، جس کے بعد تعزیرات ہند کی دفعہ 302 (قتل کی سزا) کو کیس میں شامل کیا گیا۔
تاہم، کچھ شواہد نے شیو پتی کی طرف مرکزی ملزم کے طور پر اشارہ کیا اور اس کو پیر کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کی ایک اور نابالغ بیٹی کو بھی گرفتار کیا گیاہے ۔
پولیس افسر نے بتایا کہ اس کی بہو میرا مفرور ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ شیو پتی کی طرف سے فراہم کردہ معلومات پر، کلہاڑی اور لاٹھی جو قتل میں استعمال کی گئی تھی برآمد کر لی گئی ہے، ایس پی نے کہا کہ ایک بوری بھی برآمد کی گئی ہے، جس کا استعمال لاش کو چھپانے کے لیے کیا گیا تھا۔
سریواستو نے بتایا کہ ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی بیٹی سے اسی گاؤں کے ایک لڑکے کے ساتھ تعلقات جاری نہ رکھنے کو کہا تھا، تاہم وہ اس پر راضی نہیں ہوئی۔
شیو پتی نے اعتراف کیا کہ 2 اکتوبر کی آدھی رات کو اس نے، اس کی دوسری بیٹی اور بہو میرا نے مبینہ طور پر متاثرہ کو کلہاڑی اور لاٹھی سے مار کر قتل کیا۔ ایس پی نے مزید کہا کہ قتل کے بعد، انہوں نے لاش کو بوری میں بھرا اور اپنے گاؤں کے باہر ایک کھیت میں واقع کنویں میں پھینک دیا۔
پولیس اور لوگوں سے شکوک و شبہات سے بچنے کے لیے ملزمان نے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا ۔