کویت اردو نیوز: بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف 5 وکٹیں لینے کے بعد گراؤنڈ پر سجدہ ریز ہوتے ہوتے رک گئے جس پر انہیں خوب تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے 33ویں میچ میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے والے بھارتی باؤلر محمد شامی کی پانچ وکٹیں لینے کے بعد سجدہ ریز ہونے کی کوشش کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں محمد شامی نے 5 اوورز میں 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 18ویں اوور میں اپنا پانچواں شکار کرنےکے بعد وہ میدان میں سجدہ کرنے لگے تھے لیکن پھر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ جشن منانا شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ شامی سجدہ کرنے جا رہے تھے لیکن کسی خوف کی وجہ سے رک گئے۔
ایک صارف نے کہا کہ محمد شامی سجدہ کرنے جا رہے تھے لیکن انہیں خیال آیا کہ وہ بھارت میں ہیں۔
ایک اور صارف نے قائداعظم محمد علی جناح کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان سجدہ کرتے ہوئے اچانک رک گیا۔ آج مجھے احساس ہوا کہ محمد علی جناح الگ ریاست کیوں چاہتے تھے۔ شکریہ قائداعظم۔