کویت اردو نیوز : سعودی عرب کے شمالی علاقے میں ایک نوبیاہتا جوڑے نے اپنی شادی شدہ زندگی کو یادگار بنانے کے لیے شادی کے بعد چند دن چرواہے کے خیمے میں گزارے۔
وہ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوئے اور دن بھر بھیڑوں اور بکریوں کی دیکھ بھال کرتے رہے۔ دلہن نے کہا کہ نئی زندگی کا آغاز فطرت کے قریب رہ کر ہوتا ہے تاکہ اس کے اثرات ہماری آنے والی زندگی پر بھی مرتب ہوں۔
نوبیاہتا جوڑے نے خوبصورت قدرتی مناظر کو کیمرے میں قید بھی کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دولہا اور دلہن گاؤں کے باہر چرواہے کے خیمے میں وقت گزار رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین ہنی مون منانے کے غیر روایتی انداز کو سراہ رہے ہیں۔
ایک صارف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’یہ ہنی مون کا سب سے خوبصورت طریقہ ہے، شور سے دور، قدرت اور قدرتی مناظر کے قریب ہے، اس لیے دونوں ایک دوسرے کو بہتر طریقے سے سمجھ سکیں گے جو ان کے مستقبل کے لیے بہت اچھا ہوگا۔
ہنی مون کی ویڈیو پر ایک اور خاتون کے تبصرے میں کہا گیا کہ یقیناً یہ ایک مثالی سوچ ہے، مجھے یہ بھی یقین ہے کہ دلہن نے اپنی زندگی کے سب سے یادگار اور خوبصورت دن گزارے ہوں گے۔