کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی دنیا کی پہلی مسجد کا افتتاح کر دیا گیا ۔
مملکت سعودی عرب کے شہرجدہ میں تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتےہوئے بنائی گئی دنیا کی سب سےپہلی مسجد کا افتتاح کر دیا گیا۔
نئی مسجد کا آغاز کاروباری خاتون وجنات محمد عبدالوحید نے اپنے مرحوم شوہر کے اعزاز میں کیا ہے ، مسجد کا رقبہ 5600 مربع میٹر ہے۔ مسجد کی تیاری میں تقریباً چھ مہینے لگے۔ اس مسجد کو چینی کمپنی گوانلی نے تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا ہے۔
مرحوم عبدالعزیز عبداللہ الشربتلی مسجد جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے تعمیر کی گئی ہے، اور یہ جدہ گورنری میں الجوہرہ پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ یہ منصوبہ نیشنل ہاؤسنگ کمپنی کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ مسجد کی افتتاحی تقریب میں سرکاری افسران، تاجروں اور مملکت کےعام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وجنات عبدالوحید نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی اور جدید تعمیرات کی دنیا میں ایک سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس مسجد کو مملکت سعودی عرب میں تعمیراتی میدان میں جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کا ثبوت سمجھا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہےکہ وہ اس جدید ٹیکنالوجی کو مملکت میں متعارف کروانے میں اپناحصہ ڈالنا چاہتی ہیں۔ اس مسجد کی تعمیر کے بعد یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی سب سےپہلی مسجد بن گئی ہےاور مملکت سعودی عرب ایسی مساجد بنانے والا پہلا ملک بن گیا۔