کویت اردو نیوز : سعودی عرب کی میگا پاور اور تعمیراتی کمپنی الفنار کے سی ای او صباح المطلق نے کہا ہے کہ ہم اپنے آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نگراں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق جواد سہراب ملک سے ملاقات میں صباح المطلق نے کہا کہ ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور سعودی عرب میں ان کے تعاون سے بے حد متاثر ہیں۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی جواد سہراب ملک کمپنی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے اور ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
جواد سہراب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت سعودی عرب کیساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کیلیے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع پیدا کرنے کیلیے انتہائی پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ، آئی ٹی، ہیلتھ کیئر ، مہمان نوازی سمیت مختلف شعبوں میں ہنر مند و تجربہ کار پیشہ ور افراد کی بڑی تعداد میں موجود ہے اور اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
الفانار تعمیراتی کمپنی کے سی ای او صباح المطلق نے کہا، "ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور مملکت سعودی عرب کی معیشت میں ان کے تعاون سے بہت متاثر ہیں۔ ہم مستقبل کے منصوبوں کے لیے بھی مزید پاکستانی کارکنوں کو ملازمت دینے کے منتظر ہیں۔”