کویت اردو نیوز : بھارت میں ایک 16 سالہ میک اپ آرٹسٹ نے سوشل میڈیا پوسٹ پر منفی تبصرے ملنے پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اجین سے تعلق رکھنے والے میک اپ آرٹسٹ پرانشو انسٹاگرام پر کافی مقبول تھے جہاں وہ اپنی خوبصورتی اور میک اپ کی ویڈیوز پوسٹ کیا کرتے تھے۔
دیوالی کے ہندو تہوار کے موقع پر پرانشو نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ٹرانزیشن ریل پوسٹ کی جس میں انہوں نے ساڑھی پہنے خاتون کے روپ میں پوز کیا۔
جہاں پرانشو کے مداحوں نے اس پوسٹ پر ان کے میک اپ کی مہارت کی تعریف کی وہیں ہزاروں صارفین نے ان پر تنقید کی اور ان کی پوسٹ پر 4000 سے زیادہ منفی اور نفرت انگیز تبصرے کیے ۔
انسٹاگرام پوسٹ پر نفرت انگیز تبصروں نے 16 سالہ پرانشو کے دماغ پر ایسا اثر ڈالا کہ اس نے صارفین کی نفرت کو برداشت نہ کر کے خودکشی کر لی۔
اس حوالے سے بھارتی اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ پرانشو صارفین کے نفرت انگیز تبصروں سے خودکشی پر آمادہ ہوئے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پرانشو کی خودکشی کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ پرانشو کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 17 ہزار ہے جب کہ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 301 پوسٹس کی تھیں۔