کویت اردو نیوز : نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اربوں ڈالرکے مختلف معاہدوں پردستخط ہوئےہیں۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے توانائی، پورٹ آپریشنز پراجیکٹس،لاجسٹکس، معدنیات ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سیکیورٹی، بینکنگ اور مالیاتی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ علاقائی استحکام اور سٹریٹجک تعاون کے حوالے سے بھی ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
وزیراعظم انورحق کاکڑ نے کہا کہ وہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے عوام کو نئے دور کے آغاز پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج شیخ محمد بن زید النہیان نے دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی، تقریب میں وفاقی وزراء اور متحدہ عرب امارات کے وزراء نے بھی شرکت کی۔
انور حق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جو جلد سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ ان دنوں متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔
اس سے قبل انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ دوست ممالک نگران حکومت کے دور میں ہی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کریں گے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ سرمایہ کاری کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ہمارے اسٹیٹ بینک میں 70 ارب ڈالر لے آئے بلکہ یہ سرمایہ کاری کا طریقہ ہے۔
اس سے قبل نگراں وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے بھی ملاقات کی، اس دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات کے اقتصادی تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے 28ویں COP کانفرنس کے لیے متحدہ عرب امارات کی صدارت کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری میں تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوتے ہوئے دیکھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معاہدوں سے متحدہ عرب امارات پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا اور ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے ایم او یو پر دستخط کو تاریخی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔