کویت اردو نیوز : بوسٹن سے تعلق رکھنے والا 44 سالہ نوبیاہتا دلہن بہاماس میں شارک کے حملے میں ہلاک ہوگئی ۔
امریکی میڈیا کے مطابق بہاماس پولیس نے سمندر میں شارک کے حملے سے خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
بوسٹن کے ایک مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق، 44 سالہ خاتون نے اتوار کو شادی کی تھی اور پیر کے روز اپنے شوہر کے ساتھ ساحل سمندر پر نکلی کہ اس پر شارک نے حملہ کر دیا۔
مقامی حکام کی جانب سے خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم ان کا کہنا تھا کہ خاتون کے ساتھ جانے والا شخص شارک کے حملے میں محفوظ رہا۔
رائل بہاماس پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ صبح 11:15 پر پولیس کو اطلاع ملی کہ بوسٹن سے تعلق رکھنے والے ایک امریکی سیاح پر شارک نے حملہ کیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون مرد کے ساتھ سمندر میں تقریباً تین سے چار میل دور تھی جب اسے شارک نے کاٹ لیا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ساحل پر موجود لائف گارڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کشتی کے ذریعے خاتون اور مرد کو بچانے کی کوشش کی تاہم خاتون کے جسم کے دائیں جانب شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
پولیس سارجنٹ ڈیزری فرگوسن نے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعے پر خاتون کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔
امریکہ میں مقیم آبی ماہر گیون نیلر کا کہنا ہے کہ بہاماس کے پانیوں میں شارک کی 30 سے 40 اقسام پائی جاتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہاماس میں کیریبین ریف شارک، بیل شارک، ٹائیگر شارک یا بلیک ٹپ شارک اکثر اس طرح کے حملے کرنے کے لیے مشہور ہیں۔
انٹرنیشنل شارک اٹیک فائل کے مطابق، 2022 میں دنیا بھر میں شارک کے حملوں کے 57 واقعات رپورٹ ہوئے۔
۔