کویت اردو نیوز : اب خواتین بھی سندھ (پاکستان) کی مساجد میں نماز ادا کرسکیں گی، اس مقصد کے لیے مساجد میں ان کے لیے الگ جگہ مختص کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے محکمہ اوقاف نے سندھ کی تمام مساجد میں خواتین کے لیے علیحدہ جگہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اوقاف عمر سومرو کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری اوقاف منور مہیسر، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
مساجد میں خواتین کے لیے جگہ مختص کرنے کا فیصلہ وزیر قانون و اوقاف عمر سومرو کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے میں مساجد و مدارس کی رجسٹریشن اور خواتین کو مختص کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر اوقاف عمر سومرو نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی 77 مساجد میں خواتین کے لیے جگہ مختص کی جائے گی۔
اس سلسلے میں انگریزی، اردو، سندھی ،گجراتی زبانوں میں بھی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
وزیر قانون و اوقاف کا مزید کہنا تھا کہ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مساجد کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔