کویت اردو نیوز : پاکستان میں چوری شدہ موبائل کی شناخت کے لیے ایپ متعارف کروا دی گئی ۔
پشاور میں چھینے گئے یا چوری ہونے والے موبائل فونز کی خرید و فروخت کی شناخت کے لیے موبائل ایپ متعارف کرادی گئی ہے ۔
پشاور میں پولیس کی جانب سے شہریوں کی سہولت کے لیے فائنڈ مائی سیل فون (ایف ایم سی) کے نام سے ایک موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس ایپ کی بدولت وارداتوں میں کمی ممکن ہوسکے گی، ایپ چھیننے یا چوری ہونے والے موبائل فونز کی خرید و فروخت کو روکنے میں مدد دے گی۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ فائنڈ مائی سیل فون ایپ پر موبائل ڈیلرز کی رجسٹریشن کے لیے فارم جاری کر دیا گیا ہے، چھینے جانے والے یا چوری ہونے والے موبائل فونز کا ڈیٹا رجسٹرڈ ڈیلرز کو دستیاب ہوگا۔
سی سی پی او کے مطابق موبائل بیچنے والے کا نام، ولدیت، شناختی کارڈ اور سیلر کی تصویر ایپ کے ذریعے محفوظ کی جائے گی۔
اس کے علاوہ ڈیٹا پشاور پولیس، کنٹرول روم اور متعلقہ تھانے کی ایپ پر الرٹ کیا جائے گا۔