کویت اردو نیوز : بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک پولیس اسٹیشن کے اندر پولیس افسر کے پستول سے چلائی گئی گولی کی زد میں آکر خاتون زخمی ہوگئی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ علی گڑھ میں پیش آیا ، جہاں کوٹ کوتوالی کے علاقے میں تھانے کے اندر 50 سالہ خاتون عشرت اپنے پاسپورٹ کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے پولیس اسٹیشن آئی تھی۔ وہ عمرہ پر جانا چاہتی تھی لیکن پولیس نے اسے تھانے بلایا۔
وہ اپنے ایک رشتہ دار کے ساتھ تھانے پہنچی جہاں انسپکٹر منوج شرما نے پستول سے فائر کیا اور گولی خاتون کے سر میں لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے جواہر لال نہرو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس پاسپورٹ کا این او سی دینے کے لیے خاتون سے رشوت مانگ رہی تھی اور تھانے میں ان کی پولیس سے تلخ کلامی ہوئی۔
اس واقعے میں ملوث انسپکٹر منوج شرما کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، لیکن وہ مفرور ہے اور ابھی تک قانون کی گرفت سے باہر ہے۔