کویت اردو نیوز : سعودی وزارت افرادی قوت اور سماجی بہبود نے کہا ہے کہ پروفیشنل ٹیسٹ پروگرام کو 160 ممالک تک توسیع دی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے وزارت خارجہ کے تعاون سے سال 2023 کے دوران پروفیشنل ٹیسٹوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اب اس پروگرام کو 62 ممالک تک بڑھا دیا گیا ہے۔
وزارت چاہتی ہے کہ سعودی عرب میں ہنر مند کارکنوں کا معیار بہتر ہو اور سعودی لیبر مارکیٹ قابل اور تجربہ کار ہنر مند کارکنوں کے لیے پرکشش ہو۔
وزارت نے غیر ملکی ٹیلنٹ کی اہلیت کو جانچنے کے لیے چھ ماہ قبل پروفیشنل ٹیسٹ پروگرام شروع کیا تھا۔
پروفیشنل ٹیسٹ پروگرام کے ڈائریکٹر نواف العیازی نے کہا کہ پروفیشنل ٹیسٹ کا مقصد پلمبر اور الیکٹریشن کی مہارت کو جانچنا ہے۔ اس کی شروعات ہندوستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سمیت چار ممالک سے کی گئی تھی جہاں سعودی عرب میں کام کرنے والے کل غیر ملکی کارکنوں کا 80 فیصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پروفیشنل ٹیسٹ کا بنیادی مقصد جعلی سرٹیفکیٹس پر غیر ملکی ورکرز کا داخلہ روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘ڈپلومہ ہولڈرز اور گریجویشن کی ڈگری رکھنے والوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔’
غیر ملکی کارکن کے سرٹیفکیٹ کے حوالے سے بہت سی چیزیں دیکھی جا رہی ہیں۔ سب سے پہلے، یہ جعلی نہیں ہے. یہ بھی معلوم کیا جا رہا ہے کہ جس تعلیمی ادارے نے سرٹیفکیٹ جاری کیا وہ رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔ جبکہ سرٹیفکیٹ کی سرکاری منظوری کے بارے میں بھی معلومات لی جا رہی ہیں۔