کویت اردو نیوز : اسرائیل نے غزہ میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں اور جنوبی غزہ میں مزید فوجی بھیجے ہیں جبکہ رہائشی علاقوں اور ہسپتالوں کے ارد گرد اسرائیل کی شدید بمباری جاری ہے۔
غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے جارحانہ حملوں میں 2 صحافیوں سمیت 300 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔
اسرائیلی فورسز نے وسطی غزہ کے شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دیا جب کہ رفح میں کویتی اسپتال کے قریب رہائشی عمارت پر اسرائیلی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔
غزہ کے علاقوں بیت الاحیا ، خان یونس ، المغازی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں 50 سے زائد فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
فلسطینی ہلال احمر کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں العمل اسپتال کے قریب حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید اور 12 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی ادارہ صحت نےغزہ کی تازہ ترین صورت حال پر اپنےایک بیان میں کہاہے کہ اسرائیلی حملوں سے بچنے کیلیے ہزاروں فلسطینی وسطی غزہ اورخان یونس سے نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔
ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی چھاپے میں 2 فلسطینی شہید، 25 گرفتار ہوئے ہیں ، منی ایکسچینج کی دکانوں پر چھاپے مار کر 20 لاکھ ڈالر ضبط کر لیے گئے ہیں۔