کویت اردو نیوز : اس موسم میں فلو اور موسمی نزلہ زکام عام ہے۔ اس لیے ان عام بیماریوں سے بچنے یا ان سے متاثر ہونے پر جلد صحت یاب ہونے کے لیے مضبوط مدافعتی نظام ضروری ہے۔
درحقیقت نہ صرف سردیوں میں بلکہ سال بھر بیماریوں سے بچانے کے لیے مدافعتی نظام کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ آپ کی خوراک اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔
بعض غذائیں کھانے سے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔
ترش پھل
وٹامن سی مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور ترش پھل اس وٹامن سے بھرپور ہوتے ہیں۔ وٹامن سی جسم میں خون کے سفید خلیات کی پیداوار کو تحریک دیتا ہے اور یہ خلیے بیماریوں سے لڑنے کے لیے بہت اہم ہیں۔ چکوترے، مالٹے، کینو اور اس طرح کے دیگر پھلوں میں وٹامن سی بہت زیادہ ہوتا ہے۔
شملہ مرچ :
شملہ مرچ بالخصوص سرخ شملہ مرچ میں ایک مالٹے سے تقریباً 3 گنا زیادہ وٹامن سی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، شملہ مرچ اب بھی بیٹا کیروٹین کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔وٹامن سی صحت مند جلد کے ساتھ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط بناتا ہے جب کہ بیٹا کیروٹین جسم میں وٹامن اے میں تبدیل ہوتا ہے جو بینائی اور صحت مند جلدکوبرقرار رکھنےمیں مدد دیتاہے۔
لہسن :
لہسن نہ صرف کھانے کا ذائقہ بہتر بناتا ہے بلکہ مدافعتی نظام کو بھی مضبوط کرتا ہے۔ لہسن خون کی شریانوں کے سخت ہونے کو کم کرتا ہے، جو بلڈ پریشرکوکنٹرول کرنےمیں مددکرتاہے۔
ادرک :
ادرک کا استعمال جسم میں سوجن کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے گلے کی سوزش کی شدت کم ہوتی ہے۔ ادرک متلی کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی بہترین ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق ادرک پرانے درد کی شدت کو کم کرتی ہے اور نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتی ہے۔
پالک
پالک میں وٹامن سی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جبکہ یہ سبزی متعدد اینٹی آکسیڈنٹس اور بیٹا کیروٹین سے بھی بھری ہوتی ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس اور بیٹا کیروٹین ہمارے مدافعتی نظام کی بیماریوں سے لڑنے کی صلاحیت کو بہتر بناتے ہیں۔
دہی :
دہی کھانے سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے اور موسمی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے۔دہی میں موجود بیکٹیریا جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے جس کا تعلق بہت سی بیماریوں سے ہے۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق پروبائیوٹکس کے استعمال سے موسمی نزلہ زکام کے دورانیے اور شدت کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ دہی میں موجود میگنیشیم اور زنک بھی مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔
بادام
وٹامن ای موسمی نزلہ زکام کی روک تھام یا علاج میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ وٹامن ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرکے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے۔بادام جیسے گری دار میوے میں وٹامن ای کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت مند چکنائی بھی ہوتی ہے۔
ہلدی :
ہلدی کا استعمال عام طور پر کھانے میں کیا جاتا ہے لیکن یہ مصالحہ صحت کے لیے بہت مفید ہے کیونکہ یہ سوزش کو دور کرتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہلدی میں موجود جز کرکیومین پٹھوں کے نقصان کی شدت کو کم کرتا ہے۔ یہ غذائیت مدافعتی نظام کو بھی بہتر بناتا ہے جس سے موسمی بیماریوں سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔
سبز چائے :
سبز چائے میں فلیوونائڈز نامی اینٹی آکسیڈنٹ ہوتے ہیں، خاص طور پر اس مشروب میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ ای جی سی جی۔ تحقیقی رپورٹس کے مطابق، EGCG ایک اینٹی وائرل کے طور پر کام کرکے مدافعتی نظام کے کام کو سپورٹ کرتا ہے۔
پپیتا :
اس پھل میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جبکہ غذائیت والے پاپین میں سوزش کی خصوصیات ہوتی ہیں۔اس پھل میں پوٹاشیم، میگنیشیم اور فولیٹ جیسے اجزا بھی موجود ہوتے ہیں اور یہ تینوں صحت کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں۔
مرغی کا گوشت :
مرغی کے گوشت میں وٹامن بی 6 بہت زیادہ ہوتا ہے اور یہ وٹامن جسم کے کیمیائی عمل کے لیے اہم ہے۔اس کے ساتھ یہ وٹامن خون کے سرخ خلیوں کے لیے بھی ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب بیمار ہوں تو چکن کا سوپ پینا بیماری کی شدت کو کم کرتا ہے کیونکہ مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔