کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں ریاض ٹریفک پولیس نے دو افراد کو ٹکر مار کر موقع سے فرار ہونے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
اخبار عکاظ کے مطابق ریاض ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ایک گاڑی کے ڈرائیور نے دو راہگیروں کو کچل دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ڈرائیور کو قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب میں تبوک کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا۔
اخبار 24 کے مطابق ریڈ کریسنٹ ایئر ایمبولینس کی ٹیم نے تبوک کی جانب مدینہ منورہ روڈ پر ایک پارک میں حادثے کی اطلاع پر فوری ردعمل کا اظہار کیا اور زخمیوں کو کنگ سلمان میڈیکل سٹی منتقل کیا۔
قبل ازیں سعودی ہلال احمر کی ایئر ایمبولینس ٹیم نے مدینہ منورہ روڈ پر حادثے میں زخمی ہونے والے دو افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد قصیم کی جانب شاہ سلمان میڈیکل سینٹر منتقل کیا۔
واضح رہے کہ سعودی ہلال احمر مقامی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور شاہراہوں پر سفر کرنے والے افراد کی حفاظت کے لیے بین الاقوامی معیار کے مطابق ہنگامی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔