کویت اردو نیوز : گوگل کروم نے 4 جنوری کو ویب سائٹس کو تھرڈ پارٹی کوکیز استعمال کرنے سے روکنا شروع کر دیا۔
ویب سائٹس لوگوں کے آن لائن رویے کو ٹریک کرنے اور اس کی بنیاد پر اشتہارات دکھانے کے لیے فریق ثالث کوکیز کا استعمال کرتی ہیں۔
گوگل پرائیویسی سینڈ باکس پروجیکٹ کے سربراہ انتھونی شاویز نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ابتدائی طور پر گوگل کروم کے ایک فیصد صارفین کے ویب براؤزر میں تھرڈ پارٹی کوکیز کو بلاک کیا جا رہا ہے۔
گوگل اس فیچر کو 2024 کے آخر تک تمام کروم صارفین کے لیے رول آؤٹ کر دے گا۔
خیال رہےکہ گوگل کیجانب سے اس فیچر پر کافی عرصے سے کام کیا جارہا تھا تاہم اسکا نفاذ کئی بار ملتوی کیا گیا تھا۔
کروم میں یہ تبدیلی ویب سائٹس کیلیے بہت بڑی ہوگی۔
ویب براؤزنگ کے دوران ویب سائیٹس کے ذریعے صارف کے فون اور کمپیوٹر پر چھوٹی ٹیکسٹ فائلوں کی شکل میں کوکیز محفوظ کی جاتی ہیں تاکہ اس کے آن لائن رویے کو سمجھا جا سکے، جس کے مطابق اشتہارات دکھائے جاتے ہیں۔
گوگل کروم دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونیوالا ویب براؤزر ہے اور 63 فیصد صارفین اسے براؤزنگ کیلیے ترجیح دیتے ہیں۔
سفاری، فائر فاکس، مائیکروسافٹ ایج اور دیگر میں تھرڈ پارٹی کوکیز کو طویل عرصے سے بلاک کرنے کی خصوصیت موجود ہے۔
لیکن گوگل اس حوالے سے سست رفتاری سے پیش رفت کر رہا ہے کیونکہ اس فیچر سے آن لائن ایڈورٹائزنگ انڈسٹری پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
گوگل اور دیگر کمپنیاں کوکیز کے متبادل پر بھی کام کر رہی ہیں تاکہ کمپنیوں کو معلوم ہو کہ ان کے اشتہارات دیکھے گئے ہیں۔
انتھونی شاویز کے مطابق، ہم ویب سرفنگ کو مزید نجی بنا رہے ہیں اور کمپنیوں کو آن لائن کامیاب ہونے کے لیے ٹولز دے رہے ہیں۔