سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیولپمنٹ اینڈ کمبیٹنگ ڈیزرٹیفیکیشن نے اطلاع دی ہے کہ مکہ مکرمہ میں گزشتہ پانچ مہینوں (اگست سے دسمبر 2023) کے دوران ہریالی میں حیران کن طور پر 600 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مکہ مکرمہ میں ہریالی پھیلنے کی وجہ زیادہ بارشیں ہیں، بعض علاقوں میں 200 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
ریموٹ سینسنگ ڈیٹا کے جامع تجزیے کے ذریعے یہ طے پایا کہ مکہ مکرمہ میں ابتدائی پودوں کا رقبہ اگست میں 3,529.4 مربع کلومیٹر تھا جو کہ اس خطے کے کل رقبے کا 2.3 فیصد بنتا ہے، جب کہ مون سون کے بعد اس میں اضافہ ہوا ۔
دسمبر 2023 تک مکہ مکرمہ کے کل رقبے کے 17.1 فیصد تک پودوں کا احاطہ بڑھ چکا تھا، خاص طور پر بحیرہ احمر کے ساحل کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں۔
500 سے 2600 میٹر کی اونچائی والے ان علاقوں میں مکہ مکرمہ،اللیث، الجم، طائف، الکمال اور خولہ کی گورنری شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کا قومی مرکز پودوں کے احاطہ پر گہرائی سے مطالعہ کرتا ہے اور درخت لگانے کے منصوبے کی جگہوں میں ہونے والی تبدیلیوں پر مسلسل نظر رکھتا ہے۔
یہ زمین کے احاطہ میں ہونے والی تبدیلیوں کو ٹریک کرنے، بارش کی سطح کی پیمائش کرنے اور پودوں کی صحت کا اندازہ لگانے کے لیے جدید ترین ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرتاہے۔
ان تمام کوششوں کا مقصد سعودی گرین انیشیٹو اور شجرکاری کے اقدامات کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔