کویت اردو نیوز : کینیڈا میں ڈرائیوروں کو انوکھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ بارہ سنگھا کو اپنی گاڑیاں چاٹنے نہ دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پارکس کینیڈا نے ہائی وے پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو انوکھی وارننگ جاری کی ہے۔
نیشنل پارکس ایجنسی نے بتایا ہے کہ یہ ہدایات ہائی وے اور اس پر چلنے والی گاڑیوں کو بارہ سنگھا کے چاٹنےکیوجہ سے دی گئی ہیں، تاکہ نہ صرف جانوروں بلکہ انسانی جانوں کو بھی ہائی وے پر ہونے والے نقصان سے بچایا جا سکے۔
پارکس کے حکام کا کہنا تھا کہ ہر موسم سرما میں ڈرائیوروں کو اس بارے میں خبردار کیا جاتا ہے کیونکہ جانوروں کو ہائی وے پر آنے سے نہیں روکا جا سکتا۔
یونیورسٹی آف ناردرن برٹش کولمبیا کے ایک اسسٹنٹ پروفیسر 25 سالوں سے بارہ سنگھا کا مطالعہ کر رہے ہیں، ان کی پڑھائی میں بارہ سنگھا کاروں اور سڑکوں کو چاٹنا، خاص طور پر سردیوں میں شامل ہے۔
اسسٹنٹ پروفیسر کا کہنا تھا کہ مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ سردیوں میں سڑک کو جمنے سے روکنے کے لیے نمک ملایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بارہ سنگھے ہائی وے پر آکر سڑک اور گاڑیوں کو چاٹتے ہیں تاکہ سردیوں میں وہ اپنے جسم کو معدنیات اور نمکیات کی کمی کو پورا کرسکیں۔
اسسٹنٹ پروفیسر کے مطابق گرمیوں میں بارہ سنگھے اپنے جسم کے نمکیات اور معدنیات کو گھاس سے پورا کرتے ہیں لیکن سردیوں میں ہر چیز برف سے ڈھکی ہوتی ہے اور گھاس نہ ہونے کی وجہ سے وہ گاڑیوں اور سڑکوں کو چاٹنے کے لیے سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔