کویت اردو نیوز : جیل میں شادی کروا کر دبئی پولیس نے دلہن کی خواہش پوری کردی ۔
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیل میں قیدی کی بیٹی کی شادی کی تقریب کا اہتمام کیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق ایک عرب لڑکی نے دبئی پولیس کو درخواست کی تھی کہ اس کا رشتہ طے پا گیا ہے جب کہ اس کے والد جیل میں ہیں۔ لڑکی نے تمنا ظاہر کی تھی کہ جیل میں شادی کی تقریب والد کی موجودگی میں ہونے دی جائے۔
دبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمانڈر جنرل میجر جنرل خلیل المنصوری نے جیل میں شادی کی تقریب منعقد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
دبئی کے محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر مروان جلفر نے بتایا کہ لڑکی کی درخواست موصول ہونے کے بعد محکمہ نے اس کے والد کے مالی اور ذہنی حالات کو مدنظررکھتےہوئے درخواست کی منظوری دی تھی۔
محکمے نے نہ صرف شادی کا مقام مختص کیا بلکہ دلہن کے گھر کو سجانے میں بھی مدد کی تاکہ وہ خوشگوار زندگی گزار سکے اور اپنے والد کی قید سے بری طرح متاثر نہ ہو اور اپنے والد کی کمی کو زیادہ محسوس نہ کریں۔