کویت اردو نیوز : (بھارت) بیٹی کی خواہش رکھنے والے باپ نے اپنے نوزائیدہ بیٹے کو مار ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا جہاں بیٹی کی پیدائش نہ ہونے کے باعث سنگدل باپ نے اپنے نومولود بیٹے کو قتل کردیا۔
پولیس نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انیل یوکی نامی اس شخص کے پہلے ہی دو بیٹے ہیں اور وہ ایک بیٹی کا خواہشمند تھا، اسے تیسری بیٹی کی امید تھی۔
پولیس کے مطابق واقعہ کے وقت انیل نشے کی حالت میں تھا، اس نے نشے کی حالت میں اپنی بیوی کو زدوکوب کیا، بیوی سے 12 دن کے نومولود کو چھین لیا اور گلا دبا کر قتل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نومولود کی گردن پر نشانات تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے انیل کو گرفتار کر لیا اور نومولود کی لاش کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران انیل نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹی چاہتا تھا لیکن تیسری بار بیٹے کی پیدائش ہوئی جس پر وہ پریشان ہو گیا اور اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔