کویت اردو نیوز 09 نومبر: کویت میں عالمی ریکارڈ قائم، 87 گیندوں پر 293 رنز بنانے والے کھلاڑی نے دنیا کو حیران کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق 6 نومبر بروز جمعہ کویت کرکٹ کی تاریخ کا ایک خاص دن ہے اور آنے والے سالوں میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ بےشک کویت ویٹرن لیگ کے لئے یہ باعث فخر لمحہ ہے جسے اسٹار الیون کے کھلاڑی محمد خالد بٹ کے قائم کردہ ورلڈ ریکارڈ کے لئے برسوں یاد رکھا جائے گا جس نے صرف 87 گیندوں میں 17 چوکوں اور 33 چھکوں کی مدد سے 293 رنز بنائے تھے۔
ایسا ریکارڈ کسی ٹی 20 میچ میں دنیا کے کسی بھی کھلاڑی نے اب تک قائم نہیں کیا ہے۔ میچ اسٹار الیون اور کے وی ای KVE کے مابین کھیلا گیا۔ اسٹار الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 356 رنز بنائے، خالد بٹ نے 293 رنز بنائے جس میں ہر 2 اوورز میں 6 چھکے قابل ذکر ہیں۔
کھلاڑی خالد بٹ کی یہ تیسری ڈبل سنچری تھی۔ جواب میں KVE بیس 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 194 رن ہی بنا سکی۔ کویت ویٹرن لیگ KVCC تمام شریک ٹیموں کی جانب سے تقسیم انعامات کے دن خالد بٹ کو خصوصی انعام دے کر اس انتہائی نایاب موقع پر مبارکباد پیش کرے گی۔
کویت کے جھنڈے کو اعلی سطح پر برقرار رکھنے پر کویت کرکٹ بورڈ نے خالد بٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے آئندہ میچوں میں نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ بےشک خالد بٹ ایک با کمال کھلاڑی ہیں۔
یاد رہے کہ محمد خالد بٹ پاکستانی شہریت رکھتے ہیں۔ ماضی میں کویت کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ خالد بٹ ایک لمبے عرصے تک کویت کی قومی کرکٹ ٹیم میں کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔