کویت اردو نیوز: اقوام متحدہ میں سعودی سفیر نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم نہیں کیے جائیں گے۔
ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں سعودی سفیر ریما بنت بندر نے واضح کیا کہ سعودی عرب غزہ میں جنگ بندی کو تسلیم کرنے کے معاہدے پر بات نہیں کرے گا۔
سعودی سفیر نے کہا کہ میرے لیے اس وقت سب سے اہم بات یہ ہے کہ سعودی عرب نے تعلقات کی بحالی کو اپنی پالیسی کا مرکز نہیں بنایا بلکہ اس نے اپنی پالیسی میں امن و استحکام کو سب سے اہم رکھا ہے۔
ریما بنت بندر نے کہا کہ سعودی مملکت نے واضح کر دیا ہے کہ جب تک تشدد اور مسلسل قتل عام جاری رہے گا، ہم کسی اور مسئلے پر بات نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے ابھی تک اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان نہیں کیا ہے تاہم مشرق وسطیٰ کے بعض ممالک نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کیے ہیں جن میں متحدہ عرب امارات اور مراکش شامل ہیں۔
اس حوالے سے گزشتہ برس دیے گئے ایک انٹرویو میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہم ایک معاہدے کے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطین کا مسئلہ ریاض کے لیے بہت اہم ہے۔