کویت اردو نیوز : سعودی عرب کی پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آٹومیٹک سسٹم کے تحت ٹرکوں اور بسوں کی ٹریفک خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کرنے اور درج کرنے کا عمل 21 اپریل سے شروع ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نیا خودکار نظام تمام قسم کے کارگو موونگ ٹرکوں بشمول بین الاقوامی اور مقامی مسافر بسوں پر لاگو ہوگا۔
نئے خودکار نظام کے تحت جو ٹریفک خلاف ورزیاں پکڑی جائیں گی ان میں پرمٹ کے بغیر ٹرک یا بس کا استعمال کرنا یا ختم شدہ پرمٹ پر گاڑی چلانا، نیز ٹرک یا بس کو اس کی عمر ختم ہونے کے بعد چلانا شامل ہے۔
خودکار نظام کے تحت ٹرکوں اور بسوں کی ٹریفک خلاف ورزیوں کا اندراج عوام کی حفاظت کے لیے ہے۔ یہ ٹرکوں اور بسوں پر معیاری نظام نافذ کرے گا اور ٹریفک کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔
واضح رہے کہ آٹومیٹک سسٹم کے تحت ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائی تین مراحل میں کی جائے گی۔ پہلا مرحلہ 13 مارچ سے شروع ہوگا جس کا اطلاق ٹیکسیوں پر ہوگا، دوسرے مرحلے کا اطلاق طلبہ کی بسوں پر ہوگا اور تیسرا مرحلہ 21 اپریل سے ٹرکوں اور بسوں پر لاگو ہوگا۔