کویت اردو نیوز : سعودی عرب کے علاقے تبوک میں ایک سعودی شہری نے اپنے گھر کے باہر سبزیوں کا فارم بنا کر عام لوگوں کے لیے مختص کر دیا۔ فارم کے بارے میں بورڈ پر ‘ مفت’ بھی آویزاں ہے۔
الاخباریہ ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے سعودی شہری مروان العطاوی نے کہا کہ مفت زرعی فارم بنانے کا خیال گرمیوں میں پانی کی سبیل لگانےسے آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ابتدائی طور پر انھوں نے اپنے زرعی فارم میں پودینہ، زعتر، تلسی اور دھنیا اگایا لیکن بعد میں فارم کو بڑھاتے ہوئے اس میں لیموں، موسمی، انجیر اور ٹماٹر کے پودے بھی لگائے۔’
سعودی شہری نے زرعی فارم ہاؤس کے باہر ایک بورڈ بھی آویزاں کیا ہے جس پر لکھا ہے کہ ’اس فارم ہاؤس میں اگائی گئی سبزیاں یا پھل کوئی بھی مفت میں حاصل کرسکتا ہے، یہ سبیل ہے، قینچی اور تھیلے بھی دستیاب ہیں‘۔
مروان العطوی نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے جب لوگ اس فارم سے سامان لیتے ہیں۔ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو میں سڑک پر کھڑا ہو کر یہ اشیاء لوگوں میں مفت تقسیم کر دیتا۔ میں یہ کام رب کی رضا کے لیے کر رہا ہوں۔