کویت اردو نیوز : کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے 4 افراد کو گاڑی کے نیچے کچل کر ہلاک کرنے والے شخص کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے۔نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ مجرم نے سفید فام تعصب کے تحت یہ کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کینیڈین جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نوجوان مجرم کا اقدام دہشت گردی ہے کہ اس نے جون 2021 میں ایک مسلمان خاندان کے 5 افراد پر ٹرک چڑھا دیا جس میں سے 4 ہلاک اور 1 زخمی ہو گیا۔
اونٹاریو کی سپیریئر کورٹ آف جسٹس کے جج جسٹس رینی پومیرینس نے یہ فیصلہ سنایا اور 23 سالہ مجرم نتھینیل ویلٹ مین کو افضل خاندان کے 4 افراد کے قتل کا ذمہ دار قرار دیا جس نے جان بوجھ کر لندن، اونٹاریو میں ایک ٹرک کو 5 افراد پر چڑھا دیا تھا۔
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مجرم نے جان بوجھ کر یہ قدم اٹھایا، جس کی وجہ سے کینیڈا کی تاریخ میں پہلی بار دہشت گردی سے متعلق قانون سازی کا اطلاق ہوا۔ عدالت نے نتھانیئل ویلٹ مین کو گزشتہ سال نومبر میں اقدام قتل کے الزام میں چار مسلمان افراد کا قاتل قرار دیا تھا۔
جرم کے تحت 23 سالہ ملزم کو بغیر پیرول کے 25 سال عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ واضح رہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 46 سالہ سلمان فزیو تھراپسٹ، 44 سالہ اہلیہ پی ایچ ڈی اسکالر تھیں۔ اس واقعے میں ان کی 74 سالہ ماں اور 15 سالہ بیٹی بھی جاں بحق ہو گئی، جب کہ ایک بچہ زخمی ہوا۔