کویت اردو نیوز : یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے کہ دن بھر بیٹھ کر زیادہ وقت گزارنے سے قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس تحقیق میں 63 سے 99 سال کی 6489 خواتین کو شامل کیا گیا۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ دن میں 11.7 گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ بیٹھنے سے موت کا خطرہ 30 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ جو لوگ زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں وہ کم توانائی خرچ کرتے ہیں جس کے نتیجے میں پٹھوں کے کام، خون کے بہاؤ اور گلوکوزمیٹابولزم پرمنفی اثرات مرتب ہوسکتےہیں۔
مطالعہ کے دوران 7 دنوں تک ان خواتین کے بیٹھنے اور جسمانی سرگرمی کے وقت کا ڈیٹا ٹریکنگ ڈیوائسز کے ذریعے اکٹھا کیا گیا۔اس کے بعد ان خواتین کی صحت کا 8 سال تک جائزہ لیا گیا۔
محققین کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ وقت بیٹھنے سے جسم میں دوران خون سست ہوجاتا ہے، جب کہ گلوکوز کی سطح گر جاتی ہے اور پٹھوں میں کھچاؤ متاثر ہوتا ہے۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ صرف اور صرف ورزش سے زیادہ بیٹھنے کے منفی اثرات سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں۔ محققین کے مطابق اگر آپ دن میں ایک گھنٹہ تیز چلتے ہیں لیکن پھر پورا دن بیٹھ کر گزارتے ہیں تو صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں 30 منٹ سے زیادہ بیٹھنے سے گریز کریں اور ہر 20 منٹ بعد کھڑے ہونے کی کوشش کریں۔