کویت اردو نیوز : سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج اور زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ حرمین شریفین میں تصاویر کھنچوانے سے قبل فوٹو گرافی کے آداب کا خیال رکھیں۔
وزارت نے ‘X’ پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے مزید کہا کہ ضیوف الرحمان ان لمحات کو یاد اور دعاؤں میں گزارنے کی کوشش کریں اور فوٹوگرافی سے حتی الامکان گریز کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حرم شریف میں موجودگی کسی کی زندگی کے سب سے قیمتی لمحات کی نمائندگی کرتی ہے اور اسے فوٹو گرافی میں ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ وزارت حج و عمرہ نے دوسروں کی رازداری کا احترام کرنے اور ہجوم پیدا کرنے سے گریز کرنے پر زور دیا۔
اس سےپہلےحرمین شریفین کی نگراں اتھارٹی نے مسجدالحرام میں زائرین کی رہنمائی کیلیے سمارٹ گائیڈڈیوائسزنصب کی تھیں جو عازمین کومذہبی رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ یہ سروس کئی زبانوں میں فراہم کی جا رہی ہے۔
حرمین شریفین کےامور کے پبلک پریزیڈنسی کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کاکہناہےکہ پبلک پریذیڈنسی دینی استفسارات کیلیےسمارٹ ڈیوائسز کےذریعے معیاری دینی خدمات فراہم کرنےکی کوشش کر رہی ہے۔