کویت اردو نیوز 14 مئی: اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فلسطین میں جاری مظالم پر اتوار 15 مئی کے روز ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی درخواست پر او آئی سی نے اتوار کے روز ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں تمام اسلامی ممالک کے اراکین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ او آئی سی کی جانب سے طلب کیے جانے والے ہنگامی اجلاس میں اسرائیلی بربریت اور فلسطین کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بھی اتوار کو فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کے بارے میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد کر رہا ہے۔ یہ اجلاس تیونس ، ناروے اور چین کی درخواست پر ہوگا۔ متوقع ہے کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے نمائندوں کے علاوہ ناروے میں اقوام متحدہ کے مندوب برائے مشرق وسطی ونس لینڈ اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ایک سفارت کار نے کہا کہ جمعہ کے روز منعقد ہونے والے اس ہنگامی اجلاس کی امریکہ نے مخالفت کی اور اسے منگل کے روز منعقد کرنے کی تجویز پیش کی تھی اور بالآخر تاریخ کو اتوار تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے واشنگٹن میں پریس کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کا ملک "آئندہ ہفتے کے آغاز میں” ایک اجلاس منعقد کرنے کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے امید ہے کہ اس سے ڈپلومیسی کو کچھ وقت ملے گا تاکہ مثبت نتائج کو حاصل کیا جا سکے اور معلوم ہو سکے کہ کیا ہم واقعی استحکام کو پہنچیں گے۔”
سلامتی کونسل کے چینی ایوان صدر کے ترجمان نے جمعرات کو اے ایف پی کو بتایا کہ ” بروز جمعہ سلامتی کونسل کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔” ایک اور سفارت کار نے وضاحت کی کہ "امریکہ ویڈیو کے ذریعے کل (آج) اجلاس منعقد کرنے پر راضی نہیں ہے جبکہ ایک اور سفارتی ذرائع نے بتایا کہ واشنگٹن منگل کو اجلاس منعقد کرنے کو ترجیح دیتا ہے جو اس کے ہنگامی کردار سے بڑی حد تک دور رہتا ہے۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ان ملاقاتوں کے انعقاد کے لئے سلامتی کونسل کے تمام 15 ممبر ممالک کی منظوری درکار ہے۔
واضح رہے کہ جمعۃ الوداع کے روز سے ہی اسرائیلی فوج فلسطینیوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے۔ اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی کے لیے جمع ہونے والے نمازیوں کو منتشر کرنے کے لیے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا جس میں بچوں اور خواتین سمیت درجنوں زخمی اور گرفتار بھی ہوئے۔
بعد ازاں اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی پر واقع القدس اور شیخ جراح میں فلسطینی شہری آبادی پر فضائی بمباری کی۔ گزشتہ چار روز میں اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 84 ہوگئی ہے جن میں 17 بچے اور 8 خواتین بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فورسز کے حملوں میں پانچ سو سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے جن میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بینکوں ، گھروں اور بلندو بالا عمارتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ عید کے روز بھی اسرائیلی فورسز نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے رہائشی آبادی پر وحشیانہ بمباری کی۔