کویت اردو نیوز 24 اکتوبر: پاکستان اور بھارت کے درمیان آج تک کھیلے جانے والے ٹی20 میچوں کی ایک جھلک، کون جیتا کون ہارا مکمل تفصیلات۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران سات مرتبہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں لیکن سخت مقابلے کے باوجود فتح روائتی حریف نے سمیٹی۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹکرائیں۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوا۔ پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے کروڑوں کرکٹ شائقین اس مقابلے کا شدت سے انتظار کررہے تھے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دونوں ٹیموں کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران کتنی مرتبہ آمنا سامنا ہوا ہے۔ پہلا ٹی 20 ورلڈکپ 2007: اس مقابلہ 14 ستمبر 2007 میں ڈربن میں کھیلا گیا جس میں بھارتی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو 141 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ قومی ٹیم نے
اس مقررہ اوورز میں 7 وکٹ گنواں کر 141 رنز بناکر میچ برابر کردیا تھا جس کے بعد بول آؤٹ پیٹرن کے ذریعے میچ کے فاتح کا فیصلہ کیا گیا جس میں بھارت نے فتح اپنے نام کی۔
واضح رہے کہ بول آؤٹ پیٹرن میں دونوں ٹیم کے پانچ گیند بازوں کو ایک ایک بال خالی پچ پر پھینک کر وکٹ کا نشانہ لینا ہوتا ہے، جس میں تین گیندیں اسٹمپ یعنی وکٹ پر لگنا ضروری ہے۔ اس ورلڈ کپ میں قومی ٹیم فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی، جہاں روئتی حریف بھارت سے دوسرا ٹاکرا 24 ستمبر 2007 کو جوہانسبرگ میں ہوا۔ اس مقابلے میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 157 رن اسکور کیے جس کے تعاقب میں پاکستانی کھلاڑی 19.3 اوورز میں 152 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئے۔ کرکٹ پر تجزیہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ 2007 ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں مصباح الحق نے اچھا کھیل پیش کیا لیکن ان کا ایک غلط شارٹ ٹیم کی شکست کا باعث بنا۔
دوسرا ٹی 20 ورلڈ کپ 2009:
دوسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہوا جب کہ اس ورلڈ کپ میں پاکستان نے یونس خان کی کپتانی میں فائنل تک رسائی حاصل کی اور قومی کھلاڑیوں نے سخت مقابلے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فاتح کا لقب اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔
تیسرے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا انعقاد 2010 میں ہوا جس میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہوا۔
چوتھا ٹی 20 ورلڈ کپ 2012:
30 ستمبر 2012 کو محمد حفیظ کی کپتانی میں پاکستان کی ٹیم ایک مرتبہ پھر بھارت ٹکرائی، جس میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے روایتی حریف کو 128 رنز کا ٹارگٹ دیا جو بھارتی کھلاڑیوں نے 17 اوورز میں 2 وکٹ کے نقصان پر باآسانی مکمل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔
چھٹا ٹی 20 ورلڈ کپ 2016:
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شکست کی روایت برقرار رہی، اس میچ میں بھی بھارت نے ٹاس جیت پر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی جانب سے دئیے گئے 118 رنز کا ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس ورلڈ کپ میں شاہد آفریدی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے تھے، جب کہ مخالف ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونی تھے۔
ساتواں ٹی 20 ورلڈ کپ 2021:
آج 24 اکتوبر 2021 کو ہونے والے ساتویں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دے دی، اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کی جانب سے دئیے گئے 151 رنز کا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے با آسانی حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپننگ پر کھیلنے والے دونوں بلے باز بابر اعظم 68 رنز اور محمد رضوان 79 رنز بناتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو فتح دلائی۔ اس میچ میں بابر اعظم پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے تھے جبکہ مخالف ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی تھے۔
واضح رہے کہ یہ رپورٹ صرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کھیلے گئے میچز سے متعلق ہے۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کی فہرست میں طویل وقت تک پہلے نمبر پر براجمان رہا ہے۔