کویت اردو نیوز 12 اپریل: وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے بڑے بھائی میاں سابق وزیراعظم نوازشریف کو سفارتی پاسپورٹ جبکہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو عام پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ لندن میں پاکستانی مشن کو دونوں پاسپورٹ جاری کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو بھی سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا تھا تاہم سفارتی عملے نے واضح کیا کہ اسحاق ڈار کو سفارتی پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا سکتا جس کی وجہ سے سفارتی عملے کی بریفنگ کے بعد وزیراعظم نے اسحاق ڈار کو عام پاسپورٹ جاری کرنےکا حکم دیا ہے۔ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی
نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا عید کے بعد وطن واپسی کا امکان ہے۔ ذرائع ن لیگ کا کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف عید کے بعد پاکستان واپس آئیں گے اور پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کا سامنا کریں گے۔
یہ خبریں گردش کررہی تھی کہ عدم اعتماد کامیاب ہونے پر نواز شریف وطن واپس آجائیں گے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف عدم اعتماد کامیاب ہونے پر اپریل کے آخر میں سعودی عرب جائیں گے اور مئی کے پہلے ہفتے میں ان کے وطن واپسی کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے تقریباً دو سال سے لندن میں مقیم ہیں۔