کویت اردو نیوز 14 دسمبر: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان عمرے سے واپسی کے بعد ماتھہ ٹیکنے وشنو دیوی کے مندر پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان جو گزشتہ دنوں عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے باعث شہہ سرخیوں کا حصہ تھے اب وہ جموں و کشمیر کے وشنو دیوی کے مندر میں دکھائی دیئے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کے بارے میں بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ اس میں سیاہ رنگ کی ہْڈ والی جیکٹ پہنا ہوا شخص بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان ہے۔
گوکہ اس شخص نے اپنا چہرہ ہْڈ سے ڈھانپا ہوا ہے لیکن گارڈز کی موجودگی اور قد کاٹھ اور چلنے کے انداز کی روشنی میں بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شاہ رخ خان اپنے آنے والی فلم کی کامیابی کے لیے وشنو دیوی کے مندر میں پوچا کرنے آئے تھے۔
ویڈیو میں ایک سیکورٹی گارڈ کو فوٹوگرافر سے کوئی تصویر نہ لینے کو کہتے سنا گیا ہے۔ وہ فوٹوگرافر کو فوٹو لینے سے روکتے ہوئے بھی نظر آتے ہیں، جہاں شاہ رخ بظاہر ایک کار سے باہر آرہے ہیں۔ کلپ میں بالی ووڈ اداکار کا چہرہ بالکل نظر نہیں آ رہا ہے کیونکہ ویڈیو میں نظر آنے والے شخص نے کالے رنگ کی ہوڈ والی جیکٹ پہن رکھی ہے۔
جب وہ مندر جاتا ہے تو اس شخص کو سخت سکیورٹی میں گھیر لیا جاتا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں وہ مندر کی طرف چلتے ہوئے نظر آرہے ہیں کیونکہ وہ سیکیورٹی میں گھرے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کی آنے والی فلم پٹھان کا پہلا گانا ‘بیشرم رنگ’ گزشتہ روز ریلیز کر دیا گیا ہے جبکہ فلم 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔ اس کے علاوہ فلم جوان اور ڈْنکی بھی 2023 میں ریلیز کی جا رہی ہیں۔