کویت اردو نیوز : ہالی ووڈ کے مشہور اداکار اپنی بیٹیوں سمیت طیارہ حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
جرمن ہالی ووڈ اداکار کرسچن اولیور اپنی دو بیٹیوں سمیت طیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق کرسچن اولیور نے جمعرات کو ایک چھوٹے طیارے میں ٹیک آف کیا جو کچھ ہی دیر بعد بحیرہ کیریبین میں گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے کے بعد ساحلی محافظوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر چار لاشوں کو سمندر سے باہر نکالا۔
لاشوں کی شناخت 51 سالہ اولیور، 10 سالہ مدیتا، 12 سالہ انک اور پائلٹ رابرٹ سیکس کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ طیارہ جمعرات کو گریناڈائنز کے ایک چھوٹے سے جزیرے Bequia سے سینٹ لوشیا جا رہا تھا۔
چند روز قبل اولیور نے انسٹاگرام پر ساحل کی ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ‘ جنت میں کہیں سےسلام، 2024 ہم یہاں آئیں گے’۔
اولیور نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی سیریز ‘سیوڈ بائی دی بیل: دی نیو کلاس’ اور فلم ‘دی بیبی سیٹرز کلب’ سے کیا۔
اپنے آبائی ملک جرمنی میں، اولیور نے دو سیزن کے لیے مقبول پولیس شو ‘الارم فر کوبرا 11’ میں بھی کام کیا۔