کویت اردو نیوز،30جون: پاکستان کی فلم اور ٹیلی ویژن کے لیجنڈ اداکار شکیل کا انتقال ہو گیا ہے، 85 سالہ مرحوم اداکار گزشتہ چند روز سے کراچی کے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج تھے۔
اداکار شکیل کے نام سے مشہور ہونے والے اداکار کا اصل نام یوسف کمال تھا۔ مرحوم اداکار کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ فری، بیٹی حرا اور بیٹا حیدر شامل ہیں۔
مایہ ناز اداکار یوسف کمال، المشہور
شکیل، انتقال کر گئے
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ#Shakeel pic.twitter.com/OQd72WHUFV— PTV News (@PTVNewsOfficial) June 29, 2023
ان کا کئی سال قبل بائی پاس ہوا تھا، انہیں جوڑوں کا مرض بھی لاحق تھا جس کی وجہ سے چلنے پھرنے میں دشواری تھی، ایک ملازم ان کی اس سلسلے میں مدد کے لیے موجود ہوتا تھا۔
مرحوم اداکار شکیل کی پیدائش بھارتی شہر بھوپال میں ہوئی تھی لیکن ان کا آبائی شہر لکھنؤ تھا۔ انہوں نے تھیٹر اور ریڈیو پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔
مرحوم اداکار کے شہرہ آفاق ڈراموں میں، نیا راستہ، شہ زوری، انکل عرفی، انتظار فرمائیے، انا، زیر زبر پیش، ان کہی، پرچھائیاں، افشاں، عروسہ، چاند گرہن، چچا اور آنگن ٹیڑھا شامل ہیں۔
اداکار شکیل نے 1966 میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور کل 12 مختلف فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے لیکن بڑے پردے پر انہیں وہ کامیابی نہیں ملی جو ٹی وی اسکرین پہ ان کا مقدر ٹھہری۔
انہوں نے انگریزی فلم جناح میں پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت لیاقت علی خان کا کردار نبھایا تھا جس پر انہیں 1992 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا ۔
اداکار شکیل کی بیٹی انکی موت کی خبر سن کر گزشتہ رات سعودی عرب سے کراچی پہنچ گئیں جب کہ ان کا بیٹا پہلے ہی سے کراچی میں موجود ہے۔