کویت اردو نیوز 19 دسمبر: پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیوں کی توقع ہے اور پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کو کسی بھی وقت عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو اس حوالے سے آئی پی سی سے سمری موصول ہو چکی، اس پر رواں ہفتے ہی دستخط کا امکان ہے، رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی چیئرمین بننے کیلئے تیار ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نئے سربراہ جب عہدہ سنبھالیں گے تو کئی افسران کو بھی فارغ کیا جانا یقینی ہے۔ اگر 2014 کا آئین بحال ہوا تو اس میں چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ ہی موجود نہیں ہے، ایسے میں فیصل کو سی او او بنایا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان سمیت کئی دیگر افسران کے عہدے خطرے میں ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ پاکستان کی کارکردگی اور پشاور کے خلاف متنازع بیان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ٹرول ہو رہے ہیں۔
شائقین پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش پر رمیز راجہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ پشاور کے خلاف متنازع بیان پر رمیز راجہ 5 ہزار سے زیادہ ٹویٹس کے ساتھ ٹرینڈنگ پر رہے۔
رمیز راجہ نے حال ہی میں مائیکل ایتھرٹن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ "پشاور مغربی کھلاڑیوں کے لیے سرخ جھنڈا ہے (پشاور مغربی ممالک کے کھلاڑیوں کے لئے محفوظ نہیں ہے)” ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا رمیز راجہ کے بیان پر دیوانہ ہو گیا اور مداحوں نے ان کے اس خوفناک بیان پر تنقید شروع کر دی۔