کویت اردو نیوز ، 6 اکتوبر 2023: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی ڈینگی نے حملہ کردیا، بھارتی کرکٹر اور دوسرے بہترین ون ڈے بلے باز شبمان گل کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو بھارت کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں امکان ہے کہ میزبان ملک اپنے اہم بلے باز شبمن گل کے بغیر میدان میں اترے گا۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بلے باز نے علامات ظاہر ہونے پر ڈینگی ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا۔ جس کے بعد شبمن گل کی چنئی میں کھیلے جانے والے میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈینگی سے صحت یاب ہونے میں تقریباً 7 دن لگ سکتے ہیں۔ ڈینگی کے باعث شبمن گل کی پاکستان کے خلاف 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے میچ میں شرکت کے امکانات بھی کم ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ میچ سے قبل شبمن گل کی صحت نے بھارتی ٹیم کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ اگر شمبن گل اتوار تک صحت یاب نہیں ہوتے تو ایشان کشن ان کی جگہ پلیئنگ الیون میں شامل ہوں گے۔