کویت اردو نیوز 21 جنوری: سعودی عرب میں ہونے والے چار ملکی خواتین فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کی ماریہ خان نے شاندار گول کر کے سعودی عرب کے خلاف میچ ڈرا کرا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے شہر الخوبر میں ہونے والے میچ میں سعودی خواتین ٹیم نے میچ کے پہلے ہاف میں ایک گول کر کے برتری حاصل کی جسے
میچ کے 65 ویں منٹ میں ماریہ خان نے بہت ہی شاندار گول کر کے برابر کردیا۔میچ کے 65 ویں منٹ میں فری کک کے موقع پر پاکستانی کھلاڑی ماریہ خان کے پاس کا انتظار کرتے رہے لیکن انہوں نے کافی دور سے خود ہی بال کو جال میں پہنچانے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر ماریہ خان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھرپور خوشی کا اظہار کیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود لوگوں نے بھی ان کے لیے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں۔
Grand daughter of Hashim Khan and wont do wonders? Maria Jamila Khan for you!!! 🇵🇰🇵🇰🇵🇰 pic.twitter.com/PBy6lmC6zP
— Noorena Shams (@noorenashams) January 20, 2023
میچ کا اختتام ایک ایک گول کی برابری پر ہوا جس کے بعد 7 پوائنٹس ہونے کے باعث سعودی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا گیا جبکہ پاکستان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
سعودی عرب کے خلاف فٹبال میچ میں فری کک پر شاندار گول کرکے پاکستان کو شکست سے بچانے والی کپتان ماریہ خان عالمی شہرت یافتہ دو اسکواش لیجنڈز کی قریبی رشتے دار ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماریہ خان عالمی شہرت یافتہ اسکواش کھلاڑی ہاشم خان کی نواسی ہیں۔ ماریہ خان امریکا میں پیدا ہوئی تھیں اور وہیں اپنے نانا سے اسکواش کی تربیت بھی حاصل کرتی رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ماریہ خان چھ ورلڈ اوپن اور 10 برٹش اوپن جیتنے والے اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان کی بھانجی بھی ہیں۔
امریکا میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ماریہ خان نے وہیں ایک فٹبال کلب میں بطور گول کیپر شمولیت اختیار کی تھی۔بعد ازاں 2013 میں اعلیٰ تعلیم کے لیے ماریہ خان کو متحدہ عرب امارات آنا پڑا لیکن یہاں بھی انھوں نے فٹبال کا شوق جاری رکھا اور اماراتی ٹیم میں مڈ فیلڈر کے طور پر کھیلنے لگیں۔
ماریہ خان 2018 کو پاکستان میں واپڈا کی ٹیم میں شامل ہوئیں اور 2020 میں قومی ویمنز فٹبال ٹیم کے 30 کھلاڑیوں میں جگہ ملی اور اسی سال نیپال کے ساف گیمز کے لیے قومی ٹیم کی کپتان بنائی گئیں۔