کویت اردو نیوز 04 فروری: پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (SACF) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود سے ملاقات کی جس میں مملکت میں کھیل کو فروغ دینے اور اپنی کرکٹ لیگ متعارف کرانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فٹ بال سے محبت کے لیے مشہور سعودی عرب نے اس وقت دنیا کو ہلا کر رکھ دیا جب ان کی قومی ٹیم نے گزشتہ سال کے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ فکسچر میں اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ارجنٹائن کو دنگ کردیا۔
تاہم یہ ٹیم راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنانے میں ناکام رہی لیکن اس نے سب سے زیادہ مقبول کھیل میں مملکت کے لیے ایک امید افزا مستقبل کا اشارہ دیا لیکن اب فٹ بال کی دیوانی مملکت نے اپنی توجہ کرکٹ کی طرف مبذول کرائی ہے کیونکہ سعودی شہزادہ سعود بن مشعل نے کھیل کو فروغ دینے کے لیے لیجنڈ فاسٹ بولر اکرم سے ملاقات کی اور ایک نئی کرکٹ لیگ شروع کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
لیجنڈری فاسٹ باؤلر نے فیس بک پر اپنی اور سعودی شہزادے سعود بن مشعل کی جرسی کے ساتھ پوز دیتے ہوئے تصویر شیئر کی اور تحفے کے لیے سعودی شہزادے کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ سعودی لیگ کے لیے اپنے جوش کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ "ریاض کا سفر اچھا رہا، سعود بن مشعل سے بہت اچھی ملاقات ہوئی اور سعودی عرب میں کرکٹ کے بارے میں بات کی اور اس لیے انشاء اللہ بہت جلد سعودی لیگ شروع کرنے کے منتظر ہیں اور اس خوبصورت تحفے کے لیے آپ کا شکریہ، امید ہے کہ ہم جلد ہی ملیں گے‘‘۔
واضح رہے کہ وسیم اکرم، جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی فرنچائز کراچی کنگز کے صدر ہیں، 13 فروری سے ملتان میں شروع ہونے والی مارکی لیگ کے آئندہ آٹھویں ایڈیشن میں سابق چیمپئنز کی کوچنگ جاری رکھیں گے۔