کویت اردو نیوز، 9مئی: امریکی قید میں موجود ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن فوزیہ صدیقی رواں ماہ کے آخر میں امریکی جیل میں ملاقات کریں گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکی قید سے رہائی اور پاکستان منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کو امریکا کا ویزا مل گیا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ فوزیہ صدیقی کی عافیہ صدیقی سے 29 سے31 مئی تک امریکی جیل میں ملاقات ہوگی، فوزیہ صدیقی کے ساتھ امریکی وکیل کلائیو اسمتھ بھی عافیہ صدیقی سے ملاقات کریں گے۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے نفسیاتی چیک اپ کے لیے انڈیپینڈنٹ ڈاکٹر ہونا چاہیے، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ وزارت خارجہ ڈاکٹرکی فراہمی کے لیے مدد کرے۔