کویت اردو نیوز ، 8 اکتوبر 2023: افغانستان میں خوفناک زلزلے کے نتیجے میں کئی دیہات صفحہ ہستی سے مٹ گئے، ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
افغان وزارت آفات کے مطابق زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 53 ہے، جب کہ 9 ہزار 240 افراد زخمی، اور 1 ہزار 328 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دوپہر ہرات میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا۔ جس کے نتیجے میں زنداجان اور غوریاں اضلاع کے 12 دیہات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی گہرائی 76 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز شمال مغربی افغانستان تھا۔ بادغیس اور فراہ صوبوں میں بھی آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔
افغانستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سعید نے ملبے تلے مزید افراد کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ضلع ہرات کے 12 دیہات میں 600 سے زائد مکانات تباہ اور 4200 افراد متاثر ہوئے جبکہ مزید افرادکو نکالنے کیلیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔