کویت اردو نیوز ، 30 اکتوبر 2023 : پاکستان کے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ نماز جنازہ آج ساڑھے سات بجے ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی۔
یہ افسوس ناک واقعہ پنجاب کے شہر میاں چنوں میں ان کے آبائی گاؤں تلمبہ میں پیش آیا۔ عاصم جمیل کو تشویش ناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہیں پائے۔
مولانا طارق جمیل کے صاحبزادے مولانا یوسف جمیل کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور عاصم جمیل کے قتل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ عاصم جمیل بچپن سے ہی شدید ڈپریشن میں مبتلا ہیں اور علاج کی غرض سے انہیں 6 ماہ تک بجلی کے جھٹکے لگے۔ اتوار کی شام عاصم نے گارڈز سے بندوق چھین کر خود کو گولی مار لی۔
ڈاکٹر کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل کو سینے میں گولی لگی اور زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ ابتدائی علاج کے دوران ہی دم توڑ گیا۔
ملتان کے ریجنل پولیس آفیسر سہیل چودھری کے مطابق مولانا طارق جمیل کے بیٹے عاصم جمیل نے گارڈ سے بندوق چھین لی اور جم میں ورزش کے دوران خود کو گولی مار لی۔ پولیس کے مطابق خودکشی کو سی سی ٹی وی کیمروں میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کے مطابق عاصم جمیل نفسیاتی مسائل کا شکار تھے اور کئی سالوں سے نفسیاتی ادویات لے رہے تھے۔
مولانا طارق جمیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "X” پر ایک بیان میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا: "آج میرا بیٹا عاصم جمیل تلمبہ میں انتقال کر گیا۔”
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہم آپ سب سے التماس کرتےہیں کہ غم کے اس موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ میرے بیٹے کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال رانا عمر فاروق کی قیادت میں کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کرنے پہنچ گئیں۔
ڈی پی او رانا عمر فاروق کا کہنا تھا کہ واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کی جارہی ہے اور حقائق سامنے آنے کے بعد قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
بعد ازاں مولانا طارق جمیل کے ایکس اکاونٹ سے اعلان کیا گیا کہ ان کے بیٹے کی نماز جنازہ آج 30 اکتوبر کو شام 7:30 بجے انکے آبائی گاؤں تلمبہ میں ادا کی جائے گی۔