کویت اردو نیوز : پاکستان فٹبال فیڈریشن اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کھیلوں کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اگلے سال کے کیلنڈر میں پاکستان اور سعودی عرب کی قومی، نوجوانوں اور خواتین کی ٹیموں کے درمیان مشترکہ سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ فٹ بال سے متعلق ٹیکنالوجی، اسپورٹس سائنس، ریفری ، مارکیٹنگ سمیت مختلف امورو مسائل میں تعاون بھی جاری رہے گا۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور سعودی فیڈریشن کے صدر یاسر المسحیال نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر ساف کے جنرل سکریٹری ابراہیم القاسمی اور این سی کے رکن سعودہاشمی بھی اس موقع پرموجودتھے۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے سعودی فیڈریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی صورت میں ایک اہم سنگ میل طے پایا ہے جس سے پاکستان فٹ بال کے روشن مستقبل کی جانب پیش رفت میں مدد ملے گی۔
سعود ہاشمی نے کہا کہ پاکستان فٹبال کے نظام اور انفراسٹرکچر میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔ یہ آنے والے سالوں میں پھل لائے گا۔ پاکستان فٹبال کو صحیح راستے پر رکھنے کی پوری کوشش کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان فٹبال کی تاریخ میں پہلی بار اس نوعیت کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔