کویت اردو نیوز: کراچی سے مدینہ جانے والی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز کے انجن میں آگ لگنے کے باعث ہنگامی لینڈنگ کی گئی۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 743 نے صبح 5 بج کر 4 منٹ پر کراچی سے مدینہ منورہ کے لیے اڑان بھری۔ روانگی کے فوراً بعد، طیارہ ابھی قریب ہی تھا کہ پائلٹ نے بوئنگ 777 کے انجن سے چنگاریاں نکلتی دیکھیں۔ کاک پٹ میں فائر الارم کی وارننگ بھی تھی جس کے بعد پائلٹ نے اپنی حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائر بوتل سے طیارے کے انجن میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تو طیارے کا ایک انجن رک گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور کپتان نے طیارے کو بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتارا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں 276 مسافر سوار تھے، طیارہ لینڈ کرنے کے بعد سول ایوی ایشن کی ٹیم فوری طور پر پہنچی اور کپتان اور فرسٹ آفیسر کے شراب، خون اور یورین کے ٹیسٹ کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے انجینئر انجن کا معائنہ کر رہے ہیں جب کہ طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے شواہد نہیں ملے، طیارہ کو طریقہ کار کے مطابق ایک انجن پر اتارا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے 15 مسافروں نے جانے سے انکار کر دیا، مسافروں کو شام 5 بجے متبادل پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ کیا جائے گا۔