کویت اردو نیوز : سعودی عرب نے آئندہ سال کے حج سیزن کے دوران بیرون ملک مقیم مسلمان عازمین کی خدمت کے لیے لائسنس حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ اس نے ان کمپنیوں کو لائسنس کی ضروریات پوری کرنے اور متعلقہ درخواستیں اپنے پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کے لیے مزید وقت دینے کے لیے آخری تاریخ میں 12 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔
آئندہ سالانہ حج سیزن کے دوران لائسنس یافتہ فرموں کی طرف سے فراہم کی جانے والی خدمات میں رہائش اور نقل و حمل شامل ہیں۔
گزشتہ جون میں دنیا بھر سے تقریباً 20 لاکھ عازمین نے سعودی مقدس شہر مکہ میں اور اس کے ارد گرد حج ادا کیا، جس سے ان کی تعداد وبائی امراض سےپہلےکی سطح پر واپس آ گئی ہے ۔
سعودی عرب نے پہلے ہی حج کے لیے ضابطے طے کر لیے ہیں اور جلد تیاریوں پر زور دیا ہے۔
مملکت کے وزیر حج توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ان قوانین کے مطابق حج کے نئے موسم میں مقدس مقامات پر ممالک کے لیے کوئی مخصوص جگہ مختص نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے وضاحت کی ہے کہ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کےبعدہی مختلف ممالک کیلیے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ "جو ملک بھی جلد سےجلد معاہدوں کو انجام دیتا ہے اس کومقدس مقامات پر مناسب جگہ لینےمیں ترجیح دی جائے گی۔”
حج ویزوں کا اجراء یکم مارچ سے شروع ہوجائےگا اور 29 اپریل کواسلامی کیلنڈرکے10ویں مہینےشوال کی 20 تاریخ کوختم ہوگا۔
سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد 9 مئی کی مناسبت سے 11ویں اسلامی مہینے ذی القعدہ کی پہلی تاریخ سے شروع ہوگی۔
نیا طریقہ کار حج کی تیاریوں کو آسان بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو ایک واجب اسلامی فریضہ ہے۔