کویت اردو نیوز : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر شارجہ میں نئے سال کی تقریبات اور آتش بازی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
شارجہ پولیس نے غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سال نو کی تقریبات اور آتش بازی پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک بیان میں اتھارٹی نے تمام اداروں اور شہریوں سے تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔
جنگ کے ابتدائی ہفتوں میں امارات میں متعدد لائیو ایونٹس اور کنسرٹس منسوخ یا ملتوی کر دیے گئے تھے۔
پولیس نے زور دے کر کہا کہ انسانی یکجہتی ایک اچھی ثقافت ہے ، جسے قائم کرنے میں متحدہ عرب امارات پیش پیش ہے۔
اماراتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے اعلان سے قبل کہا گیا تھا کہ شارجہ میں نئے سال کی آتش بازی کے لیے تین مقامات ہوں گے۔
یاد رہے کہ آج بھی مغربی کنارے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل اپنی پوری طاقت کے ساتھ غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جہاں وہ فلسطینیوں پر زمینی اور فضائی حملے کر رہا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طولکرم میں اسرائیلی فوج کا ایک بڑا آپریشن بھی جاری ہے۔